ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کشمیر: شوپیان میں جنگجو سیکورٹی فورسز کا محاصرہ توڑ کر فرار

کشمیر: شوپیان میں جنگجو سیکورٹی فورسز کا محاصرہ توڑ کر فرار

Sun, 02 Sep 2018 19:41:40    S.O. News Service

سری نگر،02؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان میں اتوار کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ تاہم جنگجو سیکورٹی فورسز کا محاصرہ توڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے کہا ’شوپیان میں اتوار کی صبح محاصرے بچھانے کے دوران سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تلاشی آپریشن جاری ہے۔ کسی تازہ فائرنگ کی کوئی اطلاع نہیں ہے‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیان کے امام صاحب علاقہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نے مذکورہ علاقہ میں اتوار کی صبح کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا ’تلاشی آپریشن کے دوران علاقہ میں موجود جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔ طرفین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ کچھ منٹوں تک جاری رہا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم جنگجو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے‘۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن کئی گھنٹوں تک جاری رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں احتیاطی طور پر موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئی تھیں۔ 


Share: